لاہور (جیوڈیسک) بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر 140 میگا واٹ کے معیار کے بجلی گھر کی سائٹ انسپیکشن پر رضامندی ظاہر کر دی ہے جس کے لیے پاکستان کمشنر انڈس واٹر کی سربراہی میں وفد آج بھارت روانہ ہو گا۔
وزارت پانی و بجلی کے حکام کے مطابق پاکستان کمشنر انڈس واٹر ڈاکٹر مرزا آصف بیگ کی سربراہی میں وفد پہلے نئی دہلی اور بعد میں مقبوضہ کشمیر جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب کے معاون بڑے نالے معیار کا رخ موڑ کر 140 میگا واٹ کے بجلی گھر کی سائٹ انسپیکشن اکیس سے چوبیس ستمبر تک کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کے سربراہ اپنے ہم منصب “کے وورا ” سے حالیہ سیلاب کے دوران دریائے چناب میں بہنے والے پانی کا سلال اور بگلیہار کے مقامات کا ڈیٹا دینے کا بھی مطالبہ کریں گے۔ پاکستان معیار بجلی گھر کی سائٹ انسپیکشن کا پچھلے دو سال سے مطالبہ کر رہا تھا۔