ایشین گیمز میں ویمن کرکٹ میں میڈلز کیلیے مہم آج شروع ہو گی

Cricket

Cricket

انچیون (جیوڈیسک) ایشین گیمزویمن کرکٹ میں میڈلز کیلیے مہم ہفتے کو شروع ہو گی۔ جنوبی کوریا کا چین کیخلاف میچ سے ڈیبیو ہو رہا ہے، ملائیشین خواتین تھائی لینڈ کی ٹیم سے ٹکرائیں گی۔

دفاعی چیمپئن پاکستانی ٹیم جاپان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ کوارٹر فائنلز سے سفر کا آغاز کریگی، ابتدائی راؤنڈ میں شریک 6 میں سے 4 راؤنڈ 8 کیلیے کوالیفائی کریں گی۔

مینز ایونٹ کا آغاز 27 ستمبر سے ہوگا، دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش، سری لنکا ، افغانستان اورہانگ کانگ کو براہ راست کوارٹر فائنلز میں جگہ دی گئی ہے، جبکہ دیگر 6 ممالک چین، ہانگ کانگ ، جنوبی کوریا، ملائیشیا ، نیپال اور تھائی لینڈ ابتدائی مرحلے میں مدمقابل آئیں گے۔

سابق پاکستانی فیلڈنگ کوچ جولین فونٹین نے جنوبی کوریا کا ڈیبیو ممکن بنانے کیلیے بیس بال پلیئرز کو کرکٹرز بنادیا، مینز ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی غیرحاضری سے خطے کی دیگر چھوٹی ٹیموں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملے گا۔

دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش اور سری لنکا میدان میں موجود ہیں، چار برس قبل ایشین گیمز میں پہلا کرکٹ گولڈ میڈل جیتنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کو اس مرتبہ تجربہ کار پلیئرز کا ساتھ میسر ہے۔ ڈسپلن پر پابندی کے بعد شکیب الحسن کو ملک کی نمائندگی کا موقع دیتے ہوئے انچیون بھیجا گیا۔

اسی طرح سیمر روبیل حسین بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، کویت ڈیبیو کرے گا، ہانگ کانگ ورلڈ ٹی 20 کی طرح اس مرتبہ بھی دنیا کوحیران کرنے کا عزم رکھتا ہے، اس نے مختصر فارمیٹ کے ایونٹ میں بنگلہ دیش کو ہرایا تھا، افغانستان کی ٹیم ورلڈ کپ 2015 کے پیش نظر آسٹریلیا کے دورے پر ہے، اسی لیے گیمز میں بیشتر نئے پلیئرز کو بھیجا ہے۔