کراچی چیمبر کو ’ان ٹریڈ ملائیشیا 2014‘ میں شرکت کی دعوت

Intrade Malaysia

Intrade Malaysia

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں ملائیشین پام آئل کی درآمدی سرگرمیوں میں کمی تشویشناک ہے کیونکہ اب پاکستان میں ملائشین پام آئل کا حصہ 91 فیصد سے گھٹ کر 55 فیصد پر آ گیا ہے۔

یہ بات کراچی میں ملائیشیا کے قونصل جنرل ابو بکرمامت نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں و صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کوآپس کے روابط بڑھانا ہوں گے اور باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے تجاویز دینا ہوگی۔

ملائیشین قونصل جنرل نے کولالمپور ملائشیا میں 20 اکتوبر سے شروع ہونے والی تین روزہ ’’ان ٹریڈ ملائیشیا 2014 ‘‘ نمائش میں کراچی چیمبر کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشین ایکسٹرنل ٹریڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ہرسال تجارت اور برآمدات کے فروغ کے لیے ’’انٹرنیشنل ٹریڈ ملائیشیا‘‘ نمائش کا انعقاد کرتا ہے جس کا مقصد ملکی و غیرملکی تاجر برادری کے درمیان رابطے استوار کرنے، کاروباری شراکت داری، آئیڈیاز اور باہمی معلومات کا تبادلہ کرنا ہے جو گلوبل مارکیٹ میں کاروباری رسائی کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نمائش میں شرکت سے پاکستانی تاجروں کو ملائیشین اشیا کا جائزہ لینے اور ملائشین تاجروں کے ساتھ رابطے بڑھانے کے ساتھ ساتھ کاروبار کی نئی راہیں تلاش کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے کہ کس طرح دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔ اس موقع پرکراچی چیمبر آف کامرس کے صدر عبداللہ ذکی نے چیمبر کی سرگرمیوں پرتفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجروں کے دنیا کے مختلف تاجروں کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے کے لیے کراچی چیمبر پل کا کردارا دا کررہا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تجارتی وفود کے متواتر تبادلے، معلوماتی اور سنگل کنٹری نمائشیں، سیمینار اور کانفرنس کے انعقاد سے تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی جو دونوں ممالک کی معیشت کے لیے سازگار ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ایک نقطہ نظر کے ساتھ پاکستان اور ملائیشیا میں یونیورسٹیوں کے درمیان مضبوط روابط پیدا کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں پاکستانی طالب علموں کو بھی ملائیشیا میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔ اس موقع پر ملائشین ایکسٹرنل ٹریڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ٹریڈ کمشنر ماذلان ہارون، کراچی چیمبر کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین انیس حاجی یونس عارفہ، پرویز اشفاق دواوالا، ظفر سعید باغپتی ودیگر بھی موجود تھے۔