جھنگ میں رشتہ نہ دینے پر نوجوان نے لڑکی اس کی والدہ اور بھائی پر تیزاب پھینک دیا

Jhang

Jhang

جھنگ (جیوڈیسک) نواحی علاقے قائم بھروانہ میں نوجوان نے رشتہ نہ دینے پر لڑکی پر تیزاب پھینک دیا جب کہ واقعے کے نتیجے میں لڑکی کی والدہ اور بھائی بھی جھلس گئے۔

جھنگ کے علاقے قائم بھروانہ میں عصمت اللہ نامی نوجوان نے حق نواز کے گھر اس کی بیٹی شبنم کا رشتہ مانگا، حق نواز کی جانب سے انکار پر عصمت اللہ مشتعل ہو گیا اور گزشتہ رات دیوار پھلانگ کر حق نواز کے گھر میں جا گھسا اور شبنم پر تیزاب سے بھری بوتل انڈیل دی جس سے اس کے جسم کا بیشتر حصہ جھلس گیا، جب کہ اس دوران شبنم کی ماں اور بھائی بھی تیزاب سے زخمی ہوگئے ، واقعے کے فوری بعد تینوں افراد کو ڈسٹرکٹ اسپتال جھنگ کے برن وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تیزاب گردی کے واقعے سے شبنم کی حالت تشویشناک ہے اس کے جسم کا 90 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے جبکہ اس کی آنکھوں کی بینائی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ پولیس نے شبمنم اور اس کے گھر والوں کے بیان پر مقدمہ درج کرکے ملزم عصمت اللہ کو گرفتار کر لیا ہے۔