کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے دوران اسلحہ کی نمائش اور کھالیں جمع کرنے کیلئے پرچی سسٹم پر پابندی ہو گی، کھالیں جمع کرنے کے لئے محکمہ داخلہ سندھ یا متعلقہ ڈپٹی کشمنر کی پیشگی تحریری اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔
کمشنر کراچی کے دفتر میں کھالیں جمع کرنے والی تنظیموں اور اداروں کے اجلاس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ عید الاضحی کے دوران اسلحہ کی نمائش اور پرچی سسٹم پر پابندی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کھالیں جمع کرنے والی تنظمیوں سے ملکر ضابطہ اخلاق طے کیا گیا ہے۔ جس کے تحت جو تنظیمیں قانونی طور پر کام کررہی ہیں صرف وہ ہی کھالیں جمع کرسکیں گی۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ کھالیں جمع کرنے کے لئے صوبائی وزارت داخلہ یا متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا جبکہ کھالیں جمع کرنے کے لئے لاوٴڈ اسپیکر سے اعلانات پر پاندی ہو گی۔کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ حساس علاقوں میں سیکوریٹی کور فراہم کیا جائے گا۔