لاہور (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف پنجاب و تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ایزی لوڈ پر چلنے والے لیڈر جعلی حکومت اور جعلی جمہوریت کو نہیں بچا سکتے، فیصل آباد میں 4 کروڑ روپے سے نصیبو لعل کاناکام شو کرنے والوں کو ہمارے دھرنے پر انگلی اٹھاتے ہوئے شرم آنی چاہیے، قوم نے باریوں کی سیاست کو سیلاب میں غرق کرنے کا تہیہ کر لیا، ایک ہی سانس میں خیبر سے لیکر کراچی تک دھاندلی کی تصدیق اور حکومت کی حمایت کے اعلانات منافقت ہیں۔
آمر کے بنائے 3 ایم پی او کے کالے قانون کو ہمارے خلاف بے دریغ استعمال کر کے موجودہ جمہوریت نے اپنے چہرے پر مزید سیاہی ملی، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی مسائل کا حل ڈھونڈنے کے بجائے شخصی اقتدار کو تحفظ دیا گیا ۔ادھر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ (ن) لیگ کے جلسوں میں’’گو نواز گو‘‘کے نعروں کے بعد شریف برادران کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔