ملزم کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او کے وارنٹ گرفتاری

Arrested

Arrested

لاہور (جیوڈیسک) ایڈیشنل سیشن جج ساجدہ سعید نے وفات پاجانے والے ملزم کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او کاہنہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کاہنہ کے محمد دین کے خلاف ایک کیس فاضل عدالت میں زیر سماعت ہے۔ ملزم کے بارے میں عدالت کو بتایا گیا تھا کہ وہ وفات پا چکا ہے۔

اس سلسلے میں فاضل جج نے ایس ایچ او تھانہ کاہنہ اشتیاق چودھری کو حکم دے رکھا تھا کہ وہ محمد دین کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کرے تاہم وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا جس کی بناپر فاضل عدالت نے گزشتہ روز اس کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے ڈی ایس پی کاہنہ کو حکم دیا کہ وہ ایس ایچ او کو گرفتار کر کے 23 ستمبر کو عدالت میں پیش کرے۔

ادھر ایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے متعدد بار طلبی کے باوجود منشیات کے مقدمات میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر 20سے زائد پولیس ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔دریں اثنا ایڈیشنل سیشن جج قمرالزمان نے خاتون مریم بی بی کی جانب سے دائر حبس بے جاکی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اس کی دو بیٹیاں سات سالہ جنت اور نو سالہ نور فاطمہ کو باپ راناباسط کی تحویل سے بازیاب کرا کے اس کے حوالے کر دیا۔