بولٹن مارکیٹ، دکانوں میں آتشزدگی، لاکھوں کا کپڑا خاکستر

Bolton Markets

Bolton Markets

کراچی (جیوڈیسک) بولٹن مارکیٹ میں کپڑے کی مارکیٹ میں خوفناک آگ لگنے سے 2 دکانیں مکمل طور پر جل گئیں ،فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ بجھا کر مارکیٹ کو جلنے سے بچالیا، آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا جل کر خاک ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق کھارادر کے علاقے صالح محمد اسٹریٹ بولٹن مارکیٹ سے متصل عالم کلاتھ مارکیٹ میں ہفتے کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مارکیٹ کو گھیرے میں لے لیا

فائر بریگیڈ کی 4گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی ۔فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ فائر بریگیڈ نے 2 گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد 4 گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا،آگ لگنے سے مارکیٹ کی 2 دکانیں 180 نمبر اور 181 نمبر مکمل جل گئیں اور اس میں رکھا ہو ا تمام سامان خاکستر ہوگیا،تین سے چار دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مارکیٹ کی دیگر دکانیں محفوظ ہیں، آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا۔ پولیس نے بتایا کہ دکانوں کے مالکان نے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا لہذا نقصان کا حتمی تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا۔