کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں پولیس کانسٹیبل سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔ پاک کالونی کے علاقے جہان آباد پولیس چوکی کی حدود غنی چورنگی کے قریب واقع چور پلیا پر تعینات پولیس اہلکاروں پر ہفتے کو دن پونے 12 بجے شیرشاہ گلی سے مسلح دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
جس کے نتیجے میں 32 سالہ پولیس کانسٹیبل محمد فیصل جاں بحق ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم اس دوران ملزمان فرار ہو چکے تھے، ایس ایچ او پاک کالونی انسپکٹر فصیح الزمان نے بتایا کہ مقتول اہلکار گزشتہ 2 سال سے پاک کالونی تھانے میں تعینات تھا۔
چور پلیا پر لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافے پر 3 پولیس اہلکاروں اقبال، آصف اور فیصل کی ڈیوٹی لگائی تھی، تینوں اہلکار مذکورہ مقام پر ڈیوٹی دے رہے تھے کہ مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا۔
جبکہ 2 اہلکار خوش قسمتی سے محفوظ رہے، مقتول اہلکار لیاری کے علاقے سنگو لین کا رہائشی تھا، مذکورہ واقعہ پولیس اہلکاروں کی حالیہ دنوں میں ہونے والی کلنگ کا شاخسانہ ہے۔ شاہ لطیف کے علاقے یوسف گوٹھ بھینس کالونی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 23 سالہ واجد عرف آکاش ہلاک ہو گیا۔
چاکی واڑہ روڈ زونل آفس جامعہ مسجد فردوس کے قریب زیر تعمیر عمارت کے سامنے سڑک پر ہفتے کی صبح 7 بجے مغوی 24 سالہ وسیم کی لاش ملی، مقتول بغدادی یوسف ہارون روڈ گلی نمبر 4 کا رہائشی اور پان گٹکے کا کیبن لگاتا تھا، علاقے سے پولیس کو ملنے والی رپورٹ کے مطابق جمعے کو شام 4 بجے وسیم کو پان کے کیبن سے اغوا کیا گیا اور نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گلے میں رسی کا پھندا لگا کر قتل کر دیا گیا۔
سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سپر ہائی وے شیل پٹرول پمپ کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے 60 سالہ امین کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ شریف آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چہرے پر گولی لگنے سے نوجوان اشفاق زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ کٹی پہاڑی کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ نواب علی زخمی ہو گیا۔