رائس کینال میں پانچ شگاف، متاثرین کا احتجاج

Flood Vicitem

Flood Vicitem

سکھر (جیوڈیسک) رائس کینال میں پانچ شگاف پڑنے سے قبرستان، درگاہ اور کئی مکانات زیر آب آگئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق باگڑجی کے علاقے تماچانی میں رائس کینال کے قریب گاؤں کے رہائشی افراد کی بڑی تعداد نے علاقہ معززین فقیر اللہ ڈنو میتلو ، سید بھورل شاہ، نصیر، فائق علی شاہ، انور میتلو اور دیگر کی قیادت میں محکمہ آبپاشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ آبپاشی کی غفلت اور لاپروائی کے باعث رائس کینال کے حفاظتی بندوں میں پانچ شگاف پڑ گئے ہیں۔

شگاف کے پانی سےقبرستا ن، درگاہ، اسکول، کھڑی فصلیں اور ہمارے گھر تباہ ہو گئے ہیں، شگاف پڑ نے کی اطلاع فوری طور پر محکمہ آبپاشی کو دی گئی تاہم اب تک بندوں کی مرمت نہیں ہو سکی ہے اور گاؤں کے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں، انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئےمتاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔