لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کاکہنا ہے کہ بحالی کے کاموں کاجائزہ لینے کے لئے وہ متاثرہ علاقوں کے غیر اعلانیہ دورے کریں گے تاکہ زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہو سکے، لاہور سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے۔
کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کے کاموں کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ اچانک دوروں سے زمینی حقائق سے آگاہی اورلوگوں کے مسائل کی بہتر معلومات ملتی ہیں۔
انہوں نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی طرح بحالی کا کام بھی تیزی سے کیا جائے۔ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی دن رات مدد کرنے والے ہمارے سر کے تاج ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ امداد اور بحالی کے کاموں میں غفلت یا کوتاہی کی شکایت پرسخت کارروائی کی جائے گی۔