نواز شریف بھارت سے تعلقات بارے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں: لارڈ نذیر

Lord Nazir

Lord Nazir

اسلام آباد (جیوڈیسک) رکن برطانوی پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد نے وزیر اعظم نواز شریف کی بھارت اور کشمیر پالیسی کی مخالفت کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے کشمیری عوام کی حمایت حاصل کرنی ہے تو اپنا قبلہ درست کر لیں۔

اگر سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے توکشمیری عوام کوبھی ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا۔

کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر انتہا پسند تنظیمیں پاکستان اور کشمیری عوام کے خلاف نفرت ، اشتعال اورظلم کی بنیاد پر اقتدار میں آئی ہیں۔ بھارت نے پاکستان میں سیلابی پانی چھوڑا اور اب بھارتی وزیر اعظم مدد کی پیشکش کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کو بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کسی خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو سیالکوٹ اور آزاد کشمیر بارڈر پر ہونے والے حملوں کا جارحانہ جواب دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق ملنا چاہئے۔ بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے عید کے بعد ملین مارچ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی اور کشمیری سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز بھی جمع کئے جائیں گے۔