عمران خان کو مقابلے کا چیلنج کرتا ہوں: رانا تنویر حسین

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو اپنی مقبولیت پر اتناہی نازہے تو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ میرے مقابلے میں الیکشن لڑکردیکھ لیں بری طرح شکست نہ دوں تو ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑدوں گا انہوں نے نارنگ منڈی میں چوہدری حسان ریاض اور حاجی مقصود احمد گورائیہ کے ہمراہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ذہنی آمریت ان کی سیاست کی عکاسی کرتی ہے اورطویل دھرنوں نے ان کی سیاست کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کر دیا ہے عوام اب انہیں نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کتنے افسوس کی بات ہے کہ حکومت اور عوام سیلاب میں لاشیں اٹھارہے ہیں۔

عمران خان ناچ گانے میں مصروف ہیں دھرنوں نے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے انہوں نے کہاکہ عمران خان اور طاہر القادری نے ہوس اقتدارکیلئے ایک سازش کے تحت عورتوں اور بچوں کو ڈھا ل بنایاہواہے عوام دیکھ لیں شریف برادران مصیبت کی گھڑی میں سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ عمران خان اور طاہر القادری کو سیلاب زدہ پاکستانیوں کی مجبوریوں کا احساس کرتے ہوئے دھرنوں کو فوری طورپر ختم کردیناچاہیے تھا انہوں نے کہاکہ حکومت جمہوری مطالبات ماننے کو تیارہے عمران خان ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

عوام ان کی اصلیت جان چکی ہے عمران خان اور طاہرالقادری پاکستان دشمنی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں دھرنے نوازشریف کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی اور 18 کروڑ عوام کے خلاف ہیں جو پاکستان کو ترقی کے سفر سے دور رکھنے کی ایک مذموم سازش ہے اﷲ ملک کی حفاظت فرمائے اور دھرنے والوں کو ہدایت دے۔ بعد ازاں انہوں نے شیخوپورہ کی تحصیل مرید کے کے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان جس میں آٹا، گھی، چینی، دالیں اور ضروریاتِ زندگی کی دیگر اشیاء شامل تھیں، تقسیم کیں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر پانی کی نکاسی کا انتظام کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کا عملہ ڈینگی سپرے کا انتظام کرے۔