تحریک انصاف کے دھرنے پراب تک ایک ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، جاوید ہاشمی

Javed Hashmi

Javed Hashmi

ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض صدر جاوید ہاشمی نے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائی ڈر پوک ہیں اگر معاملات حل کرنے کی کوشش کی جاتی تو اس نہج کو نہ پہنچتے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بتا دیا تھا کہ استعفیٰ دینے کی باری آئے گی تو شاہ محمود قریشی نہیں دیں گے، میری اور عمران خان کی سوچ الگ ہے لیکن شاہ محمود قریشی کی کوئی سوچ نہیں، ہم سیاست اپنی جان قربان کرنے کے لئے کرتے ہیں۔

سیاست کے لئے اگر شاہ محمود قریشی کو ایک ہفتہ جیل میں رہنے کو کہا جائے تو وہ اسے گالی تصور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی تقریریں گالم گلوچ سے کرتے ہیں کراچی جلسے میں شاہ محمود قریشی نے انہیں برا بھلا کہا ، لگتا ہے ان کی تربیت میں کچھ خامی رہ گئی لیکن وہ ان کو جواب ان کی زبان میں نہیں دے سکتے۔

صدر تحریک انصاف نے کہا کہ اسلام آباد میں دیئے جانے والے دھرنے پر اب تک ایک ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں اور جب پارٹی سے ناراضگی اختیار کی اس وقت تک 27 کروڑ روپے خرچ ہو چکے تھے۔

اور یہی نہیں ڈی جے بٹ کا خرچہ ساڑھے 4 کروڑ تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بتایا گیا عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کی لندن میں ہونے والی میٹنگ میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی شرکت کی تھی لیکن اس کی تصدیق نہیں کر سکتا۔