اسپین : سعودی شہزادے کے سیکرٹری سے رشوت لینے پر دو اہلکار گرفتار

Spain

Spain

بارسلونا (جیوڈیسک) اسپین کی مقامی پولیس ’’گواردیا سول ‘‘ کے دو اہلکارو ں کو سعودی شہزادے کے سیکرٹری سے رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپین کی خصوصی پولیس نے سعودی شہزادے، سلک پیپر کے ٹائیکون اور انگلش فٹ بال کلب شیفیلڈ یونائیٹڈ کے نائب چیئر مین عبداللہ بن مسعود کے سیکرٹری سے اس وقت رشوت طلب کی جب اسکے پاس سے اسپین کے شہر ’’ابیزا‘‘ کے ایئر پورٹ پر اسپین سے فرانس جاتے ہوئے پچاس ہزار یورو کی رقم برآمد ہوئی۔

اہلکاروں نے رقم قبضے میں لیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اسپین کے قانون کے مطابق دس ہزار یورو سے زیادہ رقم لے کر کسی دوسرے ملک سفر نہیں کیا جا سکتا۔ اسپین کی پولیس ’’گواردیا سول ‘‘ کے دو آفیسرز نے رقم واپس مانگنے پر سعودی شہزادے کے سیکرٹری سے دوہزار رشوت طلب کی۔

شہزادے کے سیکرٹری نے دو ہزار یورو دینے پر آمادگی ظاہر کر دی تو آفیسرز نے سیکرٹری کو رقم لوٹا دی۔ سیکرٹری نے جب پیرس پہنچ کر پولیس آفیسرز کی جانب سے لوٹائی گئی رقم کی گنتی شروع کی تو اس میں سے آٹھ ہزار یورو کم تھے۔

جس پرسعودی شہزادے نے اس واقعہ کی اسپین میں پولیس کو رپورٹ کرا دی۔ پولیس نے اپنے دونوں پیٹی بھائیوں کو رشوت ستانی کے جرم میں گرفتار کر لیا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کے شاہی خاندان کے افراد جب سیاحتی دورے پر آتے ہیں تو اسپین کو لاکھوں یورو کا فائدہ پہنچتا ہے۔