کراچی (جیوڈیسک) سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے قومی اسکواڈ کوحتمی شکل دیدی۔ ٹیسٹ، ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان بدھ تک، متوقع ہے۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران سلیکشن کمیٹی کا اجلاس نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوا جس میں چیف سلیکٹر معین خان، سلیم یوسف اورہیڈ کوچ وقاریونس نے شرکت کی۔ کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے حوالے سے کپتان شاہد آفریدی سے بھی مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق پانچ اکتوبر کو آسٹریلیا کیخلاف کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے ٹیم کو فائنل کر لیا ہے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہورکے آل راوٴنڈر سعد نسیم کوموقع دیا جائیگا۔ ٹیسٹ اورون ڈے اسکواڈ کے انتخاب کیلئے سلیکشن کمیٹی پیر اور منگل کو سر جوڑ کر بیٹھے گی، ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق سے مشاورت کے بعد حتمی اسکواڈ کا اعلان بدھ تک کر دیا جائیگا۔