ملکہ ترنم نور جہاں کا 88واں یوم پیدائش منایا گیا

Noor Jehan

Noor Jehan

لاہور (جیوڈیسک) فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور گلو کارہ ملکہ ترنم نور جہاں کا 88واں یوم پیدائش منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ان کے مداحوں نے ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا اور سالگرہ کے کیک بھی کاٹیں گئے۔

ملکہ ترنم نور جہاں 21 ستمبر 1926ء کو قصور میں پیدا ہوئیں۔ ان کا اصل نام اللہ وسائی جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھا۔ انھوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1935ء میں ” پنڈ دی کڑی “سے کیا۔

وہ قیام پاکستان کے بعد اپنے شوہر شوکت حسین رضوی کے ہمراہ ممبئی سے کراچی شفٹ ہو گئیں۔ 1957ء میں انھیں شاندار پرفارمنس کے باعث صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز اور بعد ازاں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔

1965ء کی جنگ میں انہوں نے ”میرے ڈھول سپاہیا “، ”اے وطن کے سجیلے جوانو“، ”ایہہ پتر ہٹاں تے نئیں وکدے“، ”او ماہی چھیل چھبیلا“، ”یہ ہوائوں کے مسافر“، ”رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو“، ”میرا سوہنا شہر قصور نیں“ سمیت بے شمار ملی نغمے گا کر قوم اور فوج کے جوش اور ولولہ میں اضافہ کیا۔ انھوں نے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد غزلیں و گیت گائے۔ ملکہ ترنم نور جہاں 23 دسمبر 2000ء کو 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔