فارنزک تفتیش میں مددگار جدید امریکی سسٹم پولیس کے حوالے

Sindh Police

Sindh Police

کراچی (جیوڈیسک) امریکا کی جانب سے سندھ پولیس کو چھ ٹرک، ایک ہزار بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس فراہم کردیے گئے۔ یہ سامان امریکن قونصل جنرل برائن ہیتھ اور بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئرز (آئی این ایل) برائے یو ایس ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹس نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک پروقار تقریب میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے حوالے کیا۔

فراہم کردہ گاڑیوں کی مجموعی مالیت 1 لاکھ 26 ہزار ڈالر ہے جب کہ 16 لاکھ ڈالر مالیت کے اسلحے سے متعلق معلومات کی مربوط جانچ کا نظام (IBIS)بھی فراہم کیا گیا ہے۔ 2011ء سے اب تک امریکی حکومت نے سندھ پولیس کو 32ملین ڈالر سے زائد مالیت کی بکتربند گاڑیاں، تحقیقاتی سامان، بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس اور بی بی ایس فراہم کیا ہے۔ علاوہ ازیں مذکورہ ڈپارٹمنٹ نے کراچی میں خواتین کے تین پولیس اسٹیشنز کے قیام میں بھی معاونت کی ہے۔

تقریب سے خطاب میں قونصل جنرل نے کہا کہ خصوصی طور پر سندھ پولیس کی خواتین افسران کے لیے فراہم کی گئی مذکورہ گاڑیاں دراصل مختص کردہ 12 گاڑیوں کی پہلی قسط ہے ،سندھ پولیس کو فراہم کردہ آئی بی آئی ایس ایک ایسا جدید نظام ہے جو فارنزک ڈویژن سندھ پولیس کے تحت نہ صرف اسلحہ سے متعلق تفتیشی امور میں کارآمد تفصیلات کا احاطہ کرے گا بلکہ فارنزک سائنس کے طریقوں پر مشتمل تفتیشی صلاحیتوں کو بھی فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی این ایل سندھ پولیس کی تفتیشی صلاحیتوں میں اضافے، انسانی حقوق کی پاسداری، افسران کی سیکیورٹی و فارنزک سائنس پر مشتمل تربیتی نصاب کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مزید بہتر کرنے جیسے تمام ضروری امور میں معاونت کرے گا۔

آئی این ایل نے کراچی میں قائم کیے گئے تین خواتین پولیس اسٹیشنز کو کمیونی کیشن آلات، فرسٹ ایڈ کٹس، کوسٹر بس، وین اور پک اپ ٹرکس کی فراہمی میں بھی ہر ممکن معاونت کی ہے۔ آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی این ایل اور سندھ پولیس کے باہمی اشتراک پر مشتمل امور سے سندھ پولیس کا ایک نیا تربیتی نظام فروغ پائے گا جس سے بلاشبہ پولیس کی آپریشنل و انویسٹی گیشن سے متعلق استعدادی صلاحیتوں میں نہ صرف اضافہ ہو گا بلکہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، سی آئی ڈی ذاکر حسین، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔