محکمہ انسداد تجاوزات کی کارروائی،غیر قانونی دکانیں مسمار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی تعمیل اور ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی کی ہدایت پر کراؤن گارڈن،گلستان جوہر بلاک 4 اسکیم 36 کے سامنے چار غیرقانونی دکانوں کو مسمار کردیا جس میں ایک ریسٹورنٹ بھی شامل ہے، کارروائی کے دوران انسداد تجاوزات کے عملے نے سیمنٹ کی بنی ہوئی پانی کی ٹنکی سمیت 5 عدد لوہے کے کیبن، پان کے کیبن، چھپراہوٹل، پنکچر شاپ اور چار دیواری کو توڑ نے کے ساتھ ساتھ وہاں موجود گھاس کو بھی صاف کردیا۔

وہیل لوڈر، ڈمپرز اور لفٹر کی مدد سے ہونے والے اس آپریشن کی نگرانی مظہر خان نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور محکمے کے دیگر افسران سمیت پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی اور علاقہ پولیس کے بھر پور تعاون کے باعث کسی بھی قسم کی مز احمت کا سامنا نہیں کرناپڑا۔ ڈائریکٹر مظہر خان کااس موقع پر کہناتھاکہ لینڈ مافیا کے خلاف مہم جاری رہے گی اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اس قسم کی کارروائیاں کی جائیں گی۔