رابطہ کمیٹی مضر صحت چیزوں کی روک تھام کے لئے لائحہ بنائے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کوہدایت کی ہے کہ کراچی میں صحت وصفائی اورسماجی وفلاحی بہبود کے پروگرام شروع کئے جائیں۔ انہوںنے یہ ہدایتپیر کی شب رابطہ کمیٹی پاکستان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں شہر کی صحت وصفائی کی صورتحال ،بجلی کی چوری اور سماجی برائیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تفصیلی گفتگو کی گئی اوراس کے اسباب اور حل پر تفصیلی غور وخوص کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام اور معاشرے کی اصلاح احوال کیلئے معاشرے سے سماجی برائیوں کے خاتمہ پر توجہ دینا ضروری ہے۔

ہم بہت سے کام اپنی مددآپ کے تحت کر کے معاشرے کی اصلا ح کرسکتے ہیں اور شہریوں کی مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کوہدایت کی کہ وہ شہریوں کی بھلائی اور انہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے ’’ اپنی مددآپ ‘‘ کے اصول کے تحت’’ ہفتہ ء صفائی ‘‘ اور’’ سستے پھلوں کے اسٹال‘‘ جیسے فلاحی پروگرام شروع کرنے کیلئے لائحہ عمل بنائیں۔

الطاف حسین نے کراچی اورسندھ کے دیگر شہروں میں نوجوانوں میںپان پراگ ، گٹکا، مین پوری جیسی مضرصحت چیزوں کے بڑھتے ہوئے استعمال پربھی سخت تشویش کا اظہار کیااور رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ سماجی اصلاح اور فلاح وبہبود کے پروگرام میں اس معاملے کی روک تھام کیلئے بھی لائحہ عمل بنائیں۔