پناہ گزینوں کا بحران، ترکی کو فوری امداد درکار

Turkey

Turkey

ترکی (جیوڈیسک) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کی شام کے شمالی علاقوں میں پیش قدمی کے بعد ترکی آنے والے ایک لاکھ 30 ہزار شامی پناہ گزینوں کی دیکھ بھال کے لیے ترکی کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزیناں ’یو این ایچ سی آر‘نے کہا ہے کہ شام میں سال 2011 سے شروع ہونے والے تنازعے کے دوران مختصر وقت میں پہلی بار پناہ گزینوں کی اتنی بڑی تعداد نے دوسرے ملک میں پناہ لی ہے۔

یو این ایچ سی آر کی ترکی میں ایلچی کیرل بیچلر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گزینوں کی اتنی بڑی تعداد کسی بھی میزبان ملک کو مشکل میں ڈال دیتی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ سرحد پار آنے والوں کے لیے زیادہ یکجہتی اور بین الاقوامی امداد کی ضرورت ہے۔’صورتحال بدتر اور طول پکڑتی جا رہی ہے اور لوگوں کو مدد کی اشد ضرورت ہے۔‘

کیرل بیچلر کے مطابق اس وقت خوراک، کمبل اور خاص کر بچوں کے لیے سردی سے بچاؤ کی ضرورت ہے۔ ترکی کے ڈپٹی وزیر اعظم نعمان کرتلمس کے مطابق ان کا ملک بدترین صورتحال کا سامنا کرنے کی تیاری کر رہا ہے کیونکہ مزید ہزاروں پناہ گزینوں کی آمد متوقع ہے۔ ’مجھے امید ہے کہ ایک ساتھ میں اتنی بڑی تعداد میں پناہ گزین نہیں آئیں گے لیکن اگر ضرورت پیش آئی تو ہم نے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں، جس میں ان لوگوں کو محفوظ مقامات اور دیگر جگہوں پر منتقل کرنا ہے۔‘

دوسری جانب اطلاعات کے مطابق شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے شدت پسند شام کے قصبے کوبانی کے نزدیک پہنچ رہے ہیں۔ کوبانی خطے کے صدر انور مسلم نے بی بی سی کو بتایا کہ کرد جنگجوؤں نے دولت اسلامیہ کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور انھیں پیچھے دھکیل دیا ہے۔

انھوں نے دولت اسلامیہ پر بچوں، بزرگ شہریوں اور خواتین کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا۔ ’ہمارے تمام وزراء اور عام شہریوں نے ہتھیار اٹھا لیے ہیں اور ہمارے لوگوں کا حوصلہ بلند ہے اور ان کے خیال میں دولتِ اسلامیہ کو شکست دی جا سکتی ہے۔‘

اس سے پہلے ترکی نے شام سے دو دن میں ایک لاکھ کرد پناہ گزینوں کی آمد کے بعد اپنی سرحد کے متعدد داخلی مقامات بند کر دیے تھے۔
یہ فیصلہ اتوار کو کرد مظاہرین اور ترک سکیورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں کے بعد کیا گیا۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق جمعے سے اتوار کی شب تک ایک لاکھ شامی پناہ گزین سرحد عبور کر کے ترکی میں داخل ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر کرد نسل سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں۔

پناہ گزینوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ترک حکام بھی مشکلات کا شکار ہیں اور نئے پناہ گزینوں کو پہلے سے ہی بھرے ہوئے سکولوں میں رکھا جا رہا ہے۔ ترک فوج اور کرد مظاہرین کے مابین تصادم اس وقت ہوا جب ترک سرحد کے اندر کرد مظاہرین نے آزادی کے حق میں جلوس نکالا۔

دولتِ اسلامیہ نے حالیہ چند دنوں میں کوبانی کے نواح میں درجنوں دیہات پر قبضہ کیا ہے اور اب اس کا رخ اس کرد قصبے کی جانب ہے۔ شام میں حقوقِ انسانی کی تنظیموں کے مطابق دولتِ اسلامیہ کے شدت پسند اب کوبانی سے دس سے 15 کلو میٹر دور ہیں اور وہ ٹینکوں سمیت بھاری ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ بی بی سی کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر دولت اسلامیہ کوبانی پر قبضہ کر لیتی ہے تو اس کو شام اور ترکی کی شمالی سرحد کے ایک بڑے حصے پر کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ دنیا کے 30 ممالک نے دولت اسلامیہ کے خلاف امریکی قیادت کے اتحاد میں شامل ہونے کا وعدہ کیا ہے لیکن ترکی کا کہنا ہے کہ وہ صرف اپنی سر زمین پر نیٹو کو ایک فضائی اڈہ بنانے دے گا جس سے انسانی اور انتظامی کارروائیاں کی جا سکیں گی۔