پشاور : ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 6 زخمی

PESHAWAR

PESHAWAR

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں ریلوے اسٹیشن کے سامنے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو ئے ہیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ خدشہ یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ واقعہ پریس کلب کے قریب پیش آیا ہے۔

جہاں قریب گورنر ہاؤس اور دیگر حساس عمارات ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ واقعے کی جگہ پر آگ لگ گئی ہے جس پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری دھماکے کی جگہ پہنچ گئی ہے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا ہے کہ یہ خودکش تھا یا نصب بم کے ذریعے کیا گیا ہے۔