اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکنے کیلئے سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل کی درخواست خارج کر دی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ای او بی آئی کرپشن کیس کی درخواست کی سماعت کی۔
ظفر گوندل نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ایف آئی اے ہراساں کر رہی ہے ایف آئی اے کو گرفتاری نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست خارج کر دی۔ جسٹس ثاقب نثار نے قرار دیا کہ ایسا کوئی قانون نہیں کہ ملزم ضمانت کرائے بغیر شامل تفتیش نہ ہو۔
ظفر گوندل کو متعلقہ فورم پر درخواست ضمانت دائر کرنی چاہئے۔ ایف آئی اے کو تفتیش سے نہیں روکا جا سکتا۔ سپریم کورٹ سے درخواست مسترد ہونے پر ظفر گوندل کی گرفتاری کا امکان ہے۔
تاہم سپریم کورٹ میں ہی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ظفر گوندل نے بتایا کہ انھوں نے درخواست ضمانت کے ساتھ وکیل کو اسلام آباد ہائیکورٹ بھیج دیا ہے اگر وہاں سے ضمانت نہ ہوئی تو وہ گرفتاری دے دیں گے۔