کراچی (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا انتخاب آج ہو گا۔ ون ڈے ٹیم میں شمولیت کیلئے سلیکٹرز یونس خان یا اسد شفیق میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔
آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا انتخاب، سلیکشن کمیٹی آج کراچی میں بیٹھک لگائے گی،تینوں فارمیٹس کیلئے سلیکٹرز کی ہیڈ کوچ وقاریونس اور کپتان مصباح الحق سے بات چیت مکمل ہو چکی ہے، آج مشاورت کا عمل مکمل کرکے اسکواڈ کوحتمی شکل دیدی جائیگی، ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی تجربہ کاربیٹسمین یونس خان کوون ڈیٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی کا ووٹ اہم ہوگا، سعید اجمل کی جگہ ذوالفقاربابرٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بھی ہوں گے۔
اوپنر خرم منظور کی جگہ محمد حفیظ یا حارث سہیل کوٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ون ڈے اسکواڈ میں شرجیل خان کی جگہ بابر اعظم کو مل سکتی ہے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیسٹ کے ساتھ ون ڈے میں بھی موقع مل سکتا ہے۔
آل راوٴنڈر سعد نسیم کوٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور دوٹیسٹ میچزپر مشتمل سیریزکا آغاز پانچ اکتوبر سے ہو گا۔