بیجنگ (جیوڈیسک) چین نے کہا ہے کہ صدر ژی جن پنگ کے دورہ بھارت میں دونوں ممالک کے مابین موجود کئی شبہات کا ازالہ ہو گیا ہے، ایک چینی اخبار کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چن ینگ نے کہا کہ یہ ایک اہم کامیابی ہے کہ صدر ژی جن پنگ اور وزیر اعظم مودی نے اس بات پر اتفاق رائے کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک سرحدی تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرینگے۔
چینی صدر کے دورہ بھارت سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے، توقع ہے کہ اس جذبے کو بروئے کار لاکر دونوں ممالک سرحدی علاقوں میں امن اور خیر سگالی کی فضا قائم کرنے میں کامیاب ہو جائینگے، دریں اثنا چینی فوج نےکہا ہے کہ اس حقیقت کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحد کی تاحال حتمی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔