نیشنل اسٹیڈیم کراچی اجڑے چمن کا منظر پیش کرنے لگا

Karachi National Stadium

Karachi National Stadium

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کا معروف ٹیسٹ سینٹر نیشنل اسٹیڈیم کراچی اب اجڑے چمن کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ مختلف انکلوژرز کی چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار جبکہ جم کو اسٹور روم میں تبدیل کر دیا گیا، پارکنگ ایریا میں موجود بڑے گڑھوں میں بعض کاریں پھنس بھی چکی ہیں، اسٹیڈیم کی ایک دیوار کے ساتھ پنکچر شاپ بن چکی، ایک انکلوژر کے باہرکی جگہ فرنیچر کے کارخانے کیلیے کرائے پر دے دی گئی، الیکٹرونک اسکور بورڈ بھی بدحالی کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں کیتھ ملر اور حنیف محمد جیسے عظیم اسٹارز نے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام جبکہ سچن ٹنڈولکر اور وقار یونس نے آغاز کیا، حکام کی عدم موجودگی سے اب یہ انتہائی بدترین حالت میں پہنچ چکا، ان دنوں یہاں قومی ٹوئنٹی 20 کپ کے میچز جاری ہیں، مگر شائقین جن انکلوژرز میں بیٹھ کر کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ رہے ہیں ان کی چھتیں انتہائی مخدوش ہوچکیں اور کسی بھی وقت گرنے کا خطرہ ہے۔

وہ جم جہاں دنیا کے عظیم کرکٹرز ایکسر سائز کیا کرتے تھے وہ اب اسٹور روم بن چکا اور وہاں جدید مشینوں کی جگہ پانی کی بوتلوں، کولڈ ڈرنکس و دیگر ایشیا کا اسٹاک رکھا ہے، اسٹیڈیم کے اندر بھی جھاڑیاں موجود ہیں جہاں سے ماضی میں سانپ بھی نکل چکے۔