دس یورو کا نیا نوٹ آج سے یوروزون میں گردش کرے گا

Ten Euro

Ten Euro

برلن (جیوڈیسک) یورپی ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں قائم یورپی مرکزی بینک ای سی بی کا کہنا ہے کہ مختلف مالیت کے تمام یورو کرنسی نوٹوں کو آہستہ آہستہ بدلنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

اس عمل کی ابتدا کرتے ہوئے گزشتہ برس تب تک رائج پانچ یورو مالیت کے تمام نوٹ تبدیل کر دیے گئے تھے۔ اب دس یورو کے کرنسی نوٹ تبدیل کیے جا رہے ہیں اور اگلی باری بیس یورو کے نوٹوں کی ہو گی۔ تمام یورو کرنسی نوٹ اس لیے بتدریج تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

کہ انہیں جعلسازی کے خلاف زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔ یورپی مشترکہ کرنسی صرف یورو زون میں ہی استعمال نہیں ہوتی بلکہ رکن ملکوں میں سے کئی ایک کے زیر انتظام متعدد نوآبادیاتی ، حفاظتی اور دیگر اقسام کے انتظامی علاقوں میں بھی یہی کرنسی رائج ہے۔

پانچ یورو سے لے کر پانچ سو یورو تک کے جو کرنسی نوٹ شروع میں متعارف کرائے گئے تھے ، ان میں جعلی نوٹ تیار کرنے والے جرائم پیشہ گروپوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کی غرض سے بہت سی ایسی خصوصیات شامل کی گئی تھیں ، جن کے باعث جعلی یورو نوٹ تیار کرنا بہت مشکل تھا۔

اپنے اجراء کے بعد دس یورو کے نئے کرنسی نوٹ شروع میں تو اسی مالیت کے پرانے نوٹوں کے ساتھ کئی مہینوں تک گردش میں رہیں گے لیکن پھر رکن ریاستوں کے قومی مرکزی بینکوں کی مدد سے پرانے نوٹوں کی گردش بتدریج روک دی جائے گی۔ مستقبل میں یورو کے جو دیگر کرنسی نوٹ بھی بالترتیب تبدیل کر دیے جائیں گے ، وہ بیس ، پچاس ، سو ، دو سو اور پانچ سو یورو کے کرنسی نوٹ ہوں گے۔