ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں پاک عرب فرٹیلائزر فیکٹری کے کولنگ ٹاور میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس پر دو گھنٹے کی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
ملتان میں خانیوال روڈ پر واقع پاک عرب فرٹیلائزر فیکڑی کے ایک کولنگ ٹاور میں مرمت کا کام جاری تھا کہ ویلڈنگ پلانٹ میں اچانک دھماکا ہو گیا۔ فیکٹری میں امونیا گیس موجود ہونے کے باعث آگ شدت پکڑ گئی۔ ریسکیو، فائر برگیڈ عملے اور فیکٹری کے سیفٹی یونٹ نے مل کر آگ پر قابو پا یا۔
ریسکیو اور فیکٹری ترجمان کے مطابق دھماکے اور آگ سے تمام فیکٹری کارکن محفوظ رہے۔ امونیا گیس موجود ہونے کے باعث یہ خطرہ تھا کہ آگ پھر نہ بھڑک اٹھے جس پر مزید حفاظتی اقدامات کر لئے گئے ہیں۔