کینبرا (جیوڈیسک) آسٹریلیا کے پہاڑی سلسلے میں جنگلی گھوڑوں کو بھوک نے اس قدر ستایا کہ وہ آدم خور بن گئے۔ اپنی ہی نسل کے ایک گھوڑے کو گرایا اور کھانا شروع کر دیا ، اور اس منظر کو ماحولیات کے ماہرین نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔
شائد اس سے پہلے اس طرح کی مثال دیکھی یا سنی نہ گئی ہو ، تا ہم اپنی جگہ یہ ایک حقیقت ہے کہ بھوک نے ان کو مرنے کے قریب کر دیا تھا۔ یہ واقعہ آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں کوشیوزکو نیشنل پارک میں پیش آیا ، جہاں پر گھوڑے ، دوسرے گھوڑے کا گوشت کھا رہے تھے۔
یوں لگ رہا تھا کہ گھوڑے گوشت خور بن گئے ہیں۔ یہ پارک ریاست نیو ساوتھ ویلز اوروکٹوریہ کے درمیان واقع ہے۔ اس برفانی پہاڑی سلسلے میں بھوکے گھوڑوں کا یہ عجب رویہ دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گھوڑوں کا یہ طرز عمل اس سے پہلے لکھا گیا ہے اور نہ ہی کہیں بیان کیا گیا ہے۔