شاہ محمود قریشی سمیت 209 اراکین نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دیں

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی سمیت 209 ارکان پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہیں۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شاہ محمود قریشی نے اپنی رکنیت بچانے کیلئے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہیں ، الیکشن کمیشن کے مطابق 1174 میں سے 209 ارکان پارلیمان، صوبائی اسمبلیوں نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔

ارکان کو 30 ستمبر تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، وزیر داخلہ چودھری نثار سمیت اہم شخصیات نے ابھی تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں ، صرف وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، قومی اسمبلی کے 75، سینیٹ کے 29 ارکان نے تاحال اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں ، پنجاب کے 38، سندھ کے 42، کے پی کے کے 19 اور بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت 15 اکتوبر کو معطل کر دی جائے گی۔