تحریک انصاف کے 90 فیصد امیدواروں نے دھاندلی کی شکایت نہیں کی

Ishaq Dar, Pervez Rashid

Ishaq Dar, Pervez Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے عمران خان کے 13 الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے 90 فی صد امیدواروں نے تو الیکشن ٹریبونل میں دھاندلی کی شکایت تک نہیں کی ، شکایت 30 نشستوں پر تھی ، ان میں سے پنجاب میں صرف 20 تھیں۔

یہ نشستیں تحفہ بھی دے دیں تو پی ٹی آئی کی حکومت نہیں بن سکتی ۔عمران خان نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی مبصرین کی رپورٹ کو جوا زبنا کر 2013 ء کے عام انتخابات کو ایک بار پھر دھاندلی زدہ قرار دیا۔

اس کا جواب دیا وفاقی وزرا پرویز رشید، اسحاق ڈار اور انوشہ رحمان نے اور کہا کہ یہ سب جھوٹ ہے جو بہتان عمران خان نے لگائے ، رپورٹ میں تو ایسا کچھ بھی نہیں۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے الزمات کے مطابق اردوبازارسےبیلٹ پیپرزکی چھپائی ، 35 پنکچرز اور میاں نواز شریف کی تقریر کے بعدانتخابی نتائج روک لینے کا رپورٹ میں کوئی ذکر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گزشتہ 30 دن میں 120 جھوٹی تقاریر کیں۔ بہتان خان کوچیلنج کرنے آیا ہوں،اس رپورٹ کو لے کر پارلیمنٹ میں کھڑے ہو جائیں اورایک ایک لائن پڑھیں گے۔

اس رپورٹ میں ایسا کچھ نہیں کہ تحریک انصاف جیت رہی تھی اورالیکشن اس سےچھین لیا گیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان کے انتخابی عمل پر 13 الزامات غلط ثابت ہو گئے ہیں جن کا جواب ایک وائٹ پیپر میں دے دیا ہے۔