اسکواش ٹائٹل کے دفاع کی پاکستانی مہم کو دھچکا

Asian Games

Asian Games

انچیون (جیوڈیسک) ایشین گیمز اسکواش میں ٹائٹل کے دفاع کی پاکستانی مہم کو دھچکا لگ گیا، ٹیم کو ہانگ کانگ سے شکست کا صدمہ جھیلنا پڑ گیا، جنوبی کوریا کو یکطرفہ مقابلے میں زیر کرنے کے بعد دوسرے میچ میں فورتھ سیڈ ٹیم نے 1-2 سے مات دیدی، ویمنز ٹیم ابتدائی دونوں گروپ میچز ہار گئی۔

بیس بال، باکسنگ اور بیڈ منٹن میں پاکستانی فتوحات نے گیمز کے پانچویں روز کو قدرے بہتربنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مینز اسکواش ٹیم کو ہانگ کانگ نے 1-2 سے شکست دی، ابتدائی مقابلے میں قومی نمبر ون کھلاڑی ناصر اقبال حریف لی ہو جنلی کے کیخلاف سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے ہار گئے فرحان زمان کو چونگ مینگ آؤ نے اسی مارجن سے مات دی، غیر اہم تیسرے میچ میں فرحان محبوب نے چیوک یانگ کو 3-0 سے زیر کرتے ہوئے شکست کا مارجن کم کیا۔

قبل ازیں بدھ کی صبح پاکستانی ٹیم نے جنوبی کوریا کو یکطرفہ میچ میں 3-0 سے ہرایا تھا۔ ویمنزٹیم ایونٹ میں پاکستانی ٹیم بدھ کو دونوں میچ ہار گئی، چین کیخلاف ماریہ طور نے نیلی ڈونگ لیون کو 11-8، 11-9 اور 11-3 سے ہرا کر برتری حاصل کی تاہم مقدس اشرف اور ثمر انجم نے مایوس کن کھیل پیش کیا اور 1-2 سے شکست مقدر بنی۔ بعد ازاں بھارت کیخلاف پاکستانی کھلاڑی اچھا کھیل پیش نہ کر سکیں اور 0-3 سے ہار کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔ بیس بال میں پاکستان نے منگولیا کیخلاف 25-0 سے کامیابی حاصل کی۔

سمیر، عمیر بھٹی، عدنان بٹ، ناصر ندیم اور وقاص اسماعیل نے عمدہ کھیل پیش کیا، عادل سردار کو شاندار پچنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، باکسنگ ایونٹ کے 56 کلو گرام بینٹم ویٹ میں پاکستان کے نادر بلوچ نے بھوٹان کے سیگل کو 2-1 سے مات دیکر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ 60 کلوگرام کلاس میں احمد علی کویت کے مظفر علی پر کامیابی سے اگلے مرحلے میں پہنچ گئے۔

بیڈمنٹن کے سنگلز راؤنڈ 64 میں پاکستان کے محمد عرفان سعید بھٹی نے نیپال کے تامنگ رتنا کو 2-1 سے ہرادیا، مینز ڈبلز ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں عرفان سعید اور عمر ذیشان پر مشتمل پیئر نے مکاؤ چین کے حریفوں کو باآسانی 2-0 سے ٹھکانے لگا دیا۔ ویمنز ڈبلزراؤنڈ 32 میں پاکستانی جوڑی ماحور شہزاد اور پلوشہ بشیر مکاؤ کیخلاف 2-0 سے ناکام رہیں۔

ویمنز انفرادی مقابلوں کے ابتدائی میچ میں پلوشہ بشیر مالدیپ کی پلیئر کیخلاف 2-0 سے سرخرو رہیں، ماحور شہزاد کو تھائی حریف نے اسی مارجن سے شکست دیدی۔ شوٹنگ کے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں پاکستان کے غلام مصطفٰی بشیر 24 میں سے 19 ویں نمبر پر رہے۔ ویٹ لیفٹنگ کے 85 کلو گرام کیٹیگری میں محمد اصغر حبیب تیسرے نمبر پر رہے۔

روئنگ کے لائٹ ویٹ سنگلز اسلکز فائنل بی مقابلے میں پاکستان کے عبد الرحمان نے تیسری پوزیشن پائی۔ ٹینس کے مینز سنگلز کے پہلے راونڈ میں پاکستان کے قومی چیمپئن عقیل خان سعودی عرب کے عامر القبانی کیخلاف 2-0 سے سرخرو رہے، ویمنز انفرادی مقابلوں میں اوشنا سہیل کو چائنیز تائپے کی پلیئر نے 0-2 سے ہرا دیا، ڈبلز مقابلوں میں اوشنا اور سارا منصور کو بھارتی حریفوں نے یکطرفہ میچ میں 0-2 سے مات دی۔