انچن (جیوڈیسک) اطلاعات کے مطابق قطر کی خواتین باسکٹ بال ٹیم حجاب پہننے کی اجازت نہ ملنے پر ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا سوچ رہی ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انچن میں اٹھ کھڑے ہونے والے مسائل کے باعث کھیلوں کی بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے حال ہی میں نرم کیے گئے۔
ضوابط کے نفاذ کے بارے میں کنفیوژن ہو سکتی ہے۔ ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کی خاتون ترجمان آنا جہیون یو نے بتایا کہ قطر کی خواتین باسکٹ بال ٹیم نے میچ شروع ہونے سے قبل حجاب اتارنے سے انکار کر دیا۔ خاتون ترجمان کا کہنا تھا۔
کہ میچ شروع ہونے کے مقررہ دس منٹ بعد ہی انتظامیہ نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر کے منگولیا کو فاتح قرار دے دیا۔ آنا جہیون یو نے مزید کہا کہ میچ کے حکام کو سر ڈھاپنے کے حوالے سے کوئی احکامات نہیں ملے تھے اور وہ صرف اور صرف قوانین پر عمل درآمد کر رہے تھے۔
جس کے مطابق میچ کے دوران سر پر ٹوپی ، سر پر لگانے والے دیگر لوازمات اور جیولری کا استعمال منع ہے۔ دوسری جانب قطر کے دستے کی چیف ڈی مشن خلیل الجابر نے آرگنائزنگ کمیٹی کے اس فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے۔
کہ ان کی خواتین ٹیم ایشین گیمز میں اس وقت تک باسکٹ بال نہیں کھیلے گی جب تک اسے حجاب پہننے کی اجازت نہیں ملتی۔ واضح رہے کہ کھیلوں کے تمام قوانین کو ان کے متعلقہ بین الاقوامی فیڈریشن کی جانب سے کنٹرول کیا جاتا ہے اور بہت سے مقابلوں کے دوران بعض کھلاڑیوں کے لیے سر ڈھانپنے کی اجازت ہے۔