لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے زراعت کے فروغ اور چھوٹے کسانوں کی خوشحالی کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔
لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سکندر حیات بوسن، صوبائی وزراء ڈاکٹر فرخ جاوید، عطا مانیکا، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، وفاقی سیکرٹری فوڈ سکیورٹی، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ زراعت کو ترقی دے کر معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیاجا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو جدید سہولتیں فراہم کر کے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کاشتکاروں کو سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اور کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو سہولتیں دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔