قصور: ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں شہری مال و زر سے محروم

Kasur

Kasur

قصور (جیوڈیسک) قصور اوراس کے نواح میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں موٹرسائیکلیں، نقدی رقم، موبائل فونز اور دستاویزات ڈاکو چھین کر لے گئے۔ ایک واردات میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ مراد خان کے رہائشی شوز میکر احمد شہزاد اور اس کا ساتھی اﷲ وسایا موٹرسائیکل پر سوار کارخانہ میں کام کرنے والے کاریگر کو ملنے کی غرض سے جار ہے تھے جب وہ کالی پل کوٹ میرباز خاں کے قریب پہنچے تو گاڑی پر سوار دو نقاب پوش ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کی نوک پرروک لیا اور ا ن سے 35 ہزار روپے کی نقدی، موبائل فونز، شناختی کارڈ، چیک اور دوسری دستاویزات چھین لیں اور فرار ہوگئے۔

اسی اثناء میں ڈکیتی کی اطلاع 15 پر کی کوشش کی تومتعلقہ عملے نے فون نہ اٹھایا مگر آدھے گھنٹے کے بعد گشت پر مامور پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔ملتان روڈ پھولنگر اقبال ٹاؤن کے قریب ناکہ زن ڈاکوؤں نے کار سوار محمدکاشف کو اسلحے کی نوک پرروک کر ان سے 23 ہزار روپے کی نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔بائی پاس چونیاں کے قریب موٹرسائیکل سوار محمدصدیق اور اس کے بھائی ذکاء اﷲ کوڈاکوؤں نے روک کر چالیس ہزار روپے کی نقدی ، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین لی۔

مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ذکاء اﷲ کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ گنڈا سنگھ والا کے نواح کھریپڑ میں سہجوال کے رہائشی بابر علی کی دربار کے باہر کھڑی موٹر سائیکل نامعلوم چورلے اڑے ۔بائی پاس پھولنگر کے قریب ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار نذیر احمد سے چالیس ہزار روپے کی نقدی اور موبائل فون چھینا اور چلتے بنے۔ اسی طرح کوٹ رادھاکشن کے نواح اولکھ میں ناکہ زن ڈاکو ؤں نے چھینہ اوتاڑ کے رہائشی موٹرسائیکل سوار عبدالرشید اور محمداسلم کو اسلحہ کی نوک پر رو ک کر ان سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیے ۔پولیس مصروف تفتیش ہے۔