وفاقی حکومت کے خلاف عوام کی بے چینی درست ہے ایاز سومرو

Ayaz Soomro

Ayaz Soomro

لاڑکانہ (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 26 ویں سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی کے ایم این اے ایازسومرو نے چانڈکا میڈیکل کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوان بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری بہت جلد پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہوں گے، پیپلز پارٹی اداروں کو اہمیت دیتی ہے اور ان افراد کو اہمیت کا حامل سمجھتی ہے۔

جو اداروں کو منظم کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن یونٹ سی ایم سی کے تمام جائز مسائل کو حل کریں گے ،یاد رہے کہ چانڈکا میڈیکل کالج شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیر کروایا تھا ،انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے نوجوانوں کو روزگاردیا اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جبکہ تمام نوجوانوں کو نوکریاں میرٹ پر دی گئیں ،سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے۔

اسے کوئی مائی کا لال تقسیم نہیں کر سکتا، انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے خلاف عوام میں پائی جانے والی بے چینی اپنی جگہ درست ہے، قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے 47 ایم این اے ہیں جنہیں آج تک ترقیاتی فنڈز کے نام پر ایک روپیہ بھی نہیں ملا، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کی 26 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ عمران جتوئی ،کامران اوڈھانو ،ڈاکٹر سیف اللہ جامڑو سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔