ملین مارچ لندن تحریک آزادی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا ، بیرسٹر

Barrister Sultan Mehmood

Barrister Sultan Mehmood

اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 اکتوبر کو ٹرائفالگر سکوائر سے 10 ڈاؤننگ سٹریٹ تک انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہو گا جو عالمی برادری کو جھنجوڑ کے رکھ دے گا کہ بھارت کو اس بات پر مجبور کیا جائے کہ وہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ تسلط ختم کر کے وہاں کے عوام کو حق خودارادیت دے۔

اقوام متحدہ کی قراردادیں ریاست جموں و کشمیر کو اس بات کا حق دیتی ہیں کہ وہ اپنی مرضی سے ریاست کے مستقبل کا فیصلہ کریں یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان قراردادوں پر عملدرآمد کروائے کشمیر ملین مارچ لندن تحریک آزادی کشمیر کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا یہ کسی ایک سیاسی جماعت یا تنظیم کے پلیٹ فارم سے نہیں بلکہ تمام کشمیریوں بالخصوص اوورسیز کشمیری کمیونٹی کی طرف سے ہے۔

تمام سیاسی جماعتوں ، انسانی حقوق کی تنظیموں ، فلاحی اداروں اور دنیا بھر کے آزادی پسند عوام کو اس ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے، مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کے باعث بھارتی حکومت کی مجرمانہ غفلت سے سینکڑوں انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ حالیہ سیلاب سے ثابت ہوا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر تسلط برقرار رکھنے کا اہل نہیں ہے، وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو چا ہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔ پاکستان سے بے پناہ محبت کرنے والے کشمیری بھائی بھارت کو نہیں بلکہ پاکستان کو اپنا خیرخواہ سمجھتے ہیں۔