لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بدترین سیلاب میں بھی ڈاکٹرز گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ معالجین کا امراضِ قلب کے شعبے میں کردار قابل تحسین ہے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب چلڈرن اسپتال لاہور میں بچوں کے امراضِ قلب کے حوالے سے 2 روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چلڈرن اسپتال میں دور دراز علاقوں سے بچے علاج کے لئے لائے جاتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم کی طرح صحت کی شعبے میں بھی بہت سے مسائل ہیں، جنہیں دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستانی ڈاکٹرز کی بیرون ممالک خدمات بھی قابلِ تحسین ہیں، اگرچہ پاکستان میں بہت سے مسائل ہیں، لیکن ڈاکٹروں کو یہاں بھی اسی دلجمعی سے کام کرنا چاہئے۔