کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا ہے کہ عید الاضحی سے قبل تمام علاقوں میں صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے انتظامات کو تیز کیا جائے صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنانے کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے گلیوں اور محلوں کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر انجام دیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں صفائی وستھرائی کے حوالے سے شاہ فیصل زون کے تحت جاری خصوصی صفائی مہم کے دوران انسداد ڈینگی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے اسپرے وہیکل مشین میں جراثیم کش ادویات ڈال کر اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈائریکٹر پارکس ندیم شیخ ،شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران و عملے کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے مستقل بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ندی نالوں سمیت گلیوں اور محلوں کی سطح پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کے نظام میں بہتری کا عمل عوامی تعاون کے ذریعے جاری ہے اور انشا اللہ عوامی نمائندوں کی مشاورت اور عوام کے تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو صاف ستھرے صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے شہر قائد کا مثالی ضلع بنا یا جائے گا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے محکمہ سنیٹریشن کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی انجام دہی تمام زونز اپنے تعاون کے ذریعے تیزی کے ساتھ جاری رکھیں اور عوام کو امراض سے محفوظ بنا کر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا ئیں۔