اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے دائر کی گئی درخواستوں پر جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان تحریک انصاف کی درخواستوں کی سماعت کے لئے بینچ تشکیل دے دیا۔ عدالت کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے بینچ کے سربراہ جسٹس جواد ایس خواجہ ہوں گے جب کہ کیس کی سماعت پیر کو ہو گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے دائر کی گئی تحریک انصاف کی درخواست گزشتہ روز درخواست کے لئے منظور کی تھی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران فوج اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے متضاد بیانات دیئے اور پاک فوج کے کردار کو مجروح کرنے کی کوشش کی لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔