کراچی : انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر قائد طلبہ حافظ احسان الحق نورانی نے کہا ہے کہ ستمبرکا مہینہ دفاع مملکت اور دفاع ملت اسلامیہ کی عکاسی کرتا ہے، چھ ستمبر کے دن ہم نے دشمن کو اس بات کی وضاحت کردی کہ اگر اس نے ملک خداداد پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اسے زمین بوس کردینگے، اور سات ستمبر کے دن ہم نے تمام اقوام عالم کو بتا دیا کہ مسلم قوم کسی جھوٹے نبوت کے دعویدار کو نہیں پنپنے نہیں دیگی، سیدی عالم حضرت محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد اب کوئی نبی نہیں آئیگا، بلکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول بھی بحیثیت امتی کے ہو گا اور وہ بھی شریعت ِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم اور پیغام کو عام کرینگے۔
انجمن طلبہ اسلام ضلع شرقی کے زیر اہتمام ختم نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر اے ٹی آئی حافظ احسان الحق نے کہا کہ تھرڈ ورلڈ آرڈر کے تحت پچھلے دس سالوں میں عراق، لیبیا، مصر، تیونسیا، افغانستان، فلسطین، شام اور یمن میں خارجی بمقابلہ رافضی جنگ کرائی گی ہے، اور دونوں فریقین کی اس جنگ میں سنی علماء، مشائخ و اکابرین اور عوام اہل سنت و جماعت کو ایندھن کی طرح سے جنگ کی آگ میں جھونک دیا گیا ہے، سنی مزارات،سنی مدارس اورسنی مساجد کو تباہ برباد کیا گیا، اسی آرڈر کے تحت پچھلے بیس سال میں پاکستا ن میں سنی علماء مشائخ اور عوام کو سیاست سے دور کیا۔
خانقاہوں کو جاگیرداروں کے تحت کردیا گیا، ابھی بھی پاکستان میں صرف اہل سنت میں وہ طبقات موجود ہیں جو برملا اپنے آپ کو غیر سیاسی کہتے ہیں، طلبہ ایسے چہرے پہچانیں جو عالمی سازش کے تحت سنی علمائ، مشائخ، طلبہ اور عوام کو غیر سیاسی ذہن دے کر انہیں اپنے حق سے محروم کر رہے ہیں،ختم نبوت طلبہ کنونشن سے مرکزی سیکرٹری جنرل ندیم قریشی، صوبائی ناظم محمد زبیر ہزاروی، صوبائی نائب ناظم عبدالسلام اعوان، ناظم کراچی نبیل مصطفائی، جنرل سیکرٹری کراچی سیف الاسلام، جوائنٹ سیکرٹری کراچی بابر مصطفائی، گلشن اقبال ٹائون کے کنوینر اشتیاق نورانی ، محمد ولید قادری، طحہٰ قادری، شبیر قادری، اور دیگر نے خطاب کیا، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن نے مرکزی و صوبائی قیادت کے استقبال کے لئے کراچی چار اضلاع میں ضلعی سطح کے طلبہ کنونشن منعقد کئے ، پہلا پروگرام ضلع شرقی کی جانب سے عصر تا مغرب امام اعظم مسجد نیپا میں منعقد ہوا۔
دوسرا پروگرام ضلع وسطی کی جانب سے جامعہ غوثیہ فرقان آباد میں، تیسرا پروگرام ضلع ملیر کی جانب سے دارالعلوم قادریہ رضویہ اور چوتھا پروگرام لیبر اسکوائیر میں منعقدہوا،امام اعظم مسجد نیپا میں شہید ڈاکٹر شکیل اوج کے لئے فاتح خوانی کی محفل منعقد کی گئی، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن اور عاملہ کے ساتھ ساتھ کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔