پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے کے چھاپے کے خلاف اسپتال میں ہڑتال کر دی گئی، جس کے تحت ڈاکٹرز سمیت عملہ نے احتجاج کے طور پردو گھنٹے کام نہ کیا۔
ہڑتال کے باعث تبدیلی کے لئے ووٹ دینے والے عوام مریضوں کے ہمراہ خوار ہوتے رہے۔ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس اسٹاف نے ہڑتال کی جس کی وجہ تبدیلی کی دعویدار جماعت تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی یاسین خلیل بنے۔ انہوں نے چند روز قبل اپنے کارکنان کے ہمراہ اسپتال پر چھاپہ مارا اور اسٹاف کو ہراساں کیا۔ دوسری جانب ہڑتال سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
طبی معائنہ کے لئے اسپتال آنے والے مریضوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ووٹ تبدیلی کے لئے دیا تھا ہڑتالوں کے لئے نہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی اور ایم پی اے یاسین خلیل کے مابین اسپتال میں بھرتیوں پر اختلافات ہیں جس کا نزلہ اسپتال انتظامیہ پر گرایا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں سفارش اور کرپشن کے نظام کا خاتمہ کر دیا ہے لیکن انہی کے ایم پی اے سفارش پر بھرتیوں کے خلاف احتجاج کرکے عوام کےلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔