سیلاب متاثرہ علاقوں میں اشیا کی مصنوعی قلت پیدا کرنیوالوں کو جیل بھیجنے کی ہدایت

Bilal Yasin

Bilal Yasin

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے صوبہ بھر کے ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ عام آدمی کو اشیا ضروریہ کی مقررہ کردہ نرخوں پر وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور اوورچارجنگ و اشیا کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کو پابند سلاسل کیا جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

بلال یاسین نے کہا کہ سبزی وفروٹ منڈیوں میں انتظامیہ، پولیس، مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود رہیں۔انہوں نے کہا کہ افسران کی موجودگی کو چیک کرنے کے لئے وہ خود مختلف شہروں کی منڈیوں کے اچانک دورے کریں گے اور اگر کوئی افسر غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیرخوراک کو قیمتوں کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی آگاہ کیا گیا کہ مقامی انتظامیہ اس ضمن میں مکمل طور پر چوکس ہے۔

بلال یاسین نے کہا کہ منڈیوں اور مارکیٹوں میں موجود روز مرہ اشیا کی کوالٹی پر بھی گہری نظر رکھی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اشیائے خور ونوش کا معیار انتہائی اعلیٰ ہو۔وزیرخوراک پنجاب نے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر اپنے اپنے علاقوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو قابو میں رکھنے کیلئے تمام انتظامی اقدامات اٹھائیں۔