لاہور (جیوڈیسک) چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ نے کہاہے کہ یادگار گراؤنڈ میں ہونیوالے جلسہ کے سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے۔ اس موقع پر میری نگرانی میں 3 ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز، 55 انسپکٹرز اور 1500 ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل برؤے کار لائے جائیں گے۔ ٹریفک پولیس کی 3 جیپیں، 7 ویگو ڈالے، 16 کلٹس گاڑیاں، 125 ہیوی بائیکس، 73 موٹر سائیکلز، 12 لِفٹر، 3 بریک ڈاؤن، 50 بیرئیراور 100 کونزبھی ٹریفک سٹاف کو مہیا کی گئی ہیں تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں پرابلم نہ ہو۔ جلسہ گاہ سے ملحقہ سڑکوں پر ڈائیورشن لگائی گئی ہیں تاکہ معمول کی ٹریفک بھی رواں دواں رہے۔ سی ٹی او نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ پٹرولنگ کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤکو کنٹرول رکھیں۔