کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان مسلم لیگ کاپانچواں یوم تاسیس یکم اکتوبر 2014 ءکو ملک بھر میں مکمل جوش و جذبے سے منایا جائے گا جس میں اے پی ایم ایل کے کارکنان و عہدیداران قائد و چیئرمین پرویز مشرف سے تجدید عہد وفا کرنے کے ساتھ ملک سے استحصال ‘ کرپشن ‘ جبر ‘ دھونس ‘ دھاندلی اور ظلم کے نظام کے خاتمے کیلئے پر امن و جمہوری جدوجہد کو مزید فعال و منظم بنانے کا عہد بھی کریں گے ۔آل پاکستان مسلم لیگ کے پانچویں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب بیچ لگژری ہوٹل کراچی میں سہ پہر 3 بجے ہوگی۔
جس سے اے پی ایم ایل کے قائد و چیئرمین پرویز مشرف خطاب فرمائیں گے اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور تمام مہمانوں سمیت میڈیا کو بھی دعوت نامے پہنچادیئے گئے ہیںجبکہ توقع ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے مدعو قائدین اورمختلف ممالک کے سفارتکاروں کے علاوہ مذہبی ‘ سیاسی ‘ تعلیمی ‘قانونی ‘ اقتصادی ‘ تجارتی ‘ صنعتی ‘ سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان بھی بھرپور شرکت کرینگے ۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے مطابق چیف آرگنائزر اے پی ایم ایل سندھ شہاب شاہ حسینی کا کہنا ہے کہ اے پی ایم ایل کے پانچویں یوم تاسیس پرملک بھر میں میں تقریبات کا انعقاد کرکے پرویز مشرف کا پیغام ہر بچے ‘ بوڑھے ‘ جوان اور خواتین تک پہنچایا جائے گا۔
بالخصوص سندھ میں از سر نو رکنیت سازی مہم کے ذریعے اے پی ایم ایل کو پاکستان کی سب سے بڑی عوامی حمایت یافتہ سیاسی قوت بنانے کیلئے فعال و منظم سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ متوقع قومی انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر اے پی ایم ایل کی حکومت قائم ہو اور پرویز مشرف ایکبار پھر سربراہ پاکستان بن کر ملک وقوم کی خدمت کے ذریعے عوام کو ان مسائل سے نجات دلائیں جن سے نام نہاد جمہوریت پسندوں نے عوام کودوچار کرکے ان کی زندگی اجیرن بنادی اور پاکستان کی سلامتی دا¶ پر لگادی ہے۔