فیصل آباد: یونیورسٹی میں طالبعلم کی گورنر پنجاب تک پہنچنے کی کوشش

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کی یونیورسٹی میں ایک طالبعلم نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تک پہنچنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے حراست میں لے لیا، تاہم بعد میں گورنر نے طالب علم کو بلاکر یونیورسٹی انتظامیہ کو اس کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی کے پانچویں کانووکیشن میں اس وقت بدانتظامی دیکھنے میں آئی جب ایک طالب علم نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملنے کےلیے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے طالب علم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ مذکورہ طالب علم نعیم کے مطابق وہ داخلہ فارم جمع کرانے کے لیے 2 دن سے دھکے کھا رہا ہے۔

اور مسئلے کے حل کے لیے گورنر سے ملنے اسٹیج پر چڑھا تھا۔ تاہم گورنر پنجاب چوہدری سرور نے طالب علم کو اپنے پاس بلالیااس کا مسئلہ سنا اور یونی ورسٹی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طالبعلم کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔