کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ شاہ فیصل کالونی میں نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے حصول کے لئے حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے تعمیر کیا گیا وسیع و عریض رفاہ عام جیم خانہ اسپورٹس گرائونڈ حق پرست قیادت کا علاقائی نوجوانوں کے لئے ایک تحفہ ہے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔
بلدیاتی ادارے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے علاقائی ترقی اور کو مسائل سے نجات دلانے کے لئے جاری کاوشوں کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے پارک و پلے گرائونڈز کو آباد کریں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے علاقے رفاہ عام میں MNAاقبال محمد علی خان کے فنڈز سے تعمیر رفاہ عام جیم خانہ اسپورٹس گرائونڈ کا تفصیلی دورہ کرکے گرائونڈ میں سہولیات کی فراہمی کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پارکس جاوید علی خان ،ندیم شیخ ،شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور دیگر بھی موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے کھیل کے میدانوں کی آبادکاری کی جائے رفاہ عام جیم خان اسپورٹس گرائونڈ کو سرسبز بنا نے کے ساتھ اس پر سہولت کی فراہمی کو یقینی بنا نے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور میمن نے کہاکہ رفاہ عام جیم خانہ اسپورٹس گرائونڈ سمیت ضلع کورنگی کے تمام کھیل کے میدانوں کی تعمیر و ترقی اور تزئین و آرائش مکمل کرکے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرکے صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائیگا۔