گجرات (جی پی آئی) ظہور عرف ظہورا قاتل ڈکیت گینگ گرفتار، تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈنگہ کے علاقہ میں قتل، چوری اور دوران ڈکیتی قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو ٹریس کرنے کے لئے DPO گجرات رائے اعجاز احمد نے DSP/SDPOکھاریاں ملک منظور احمد کی زیر نگرانی SHO ڈنگہ انسپکٹرعرفان صفدر کی ایک ٹیم بنائی ،SHOڈنگہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات محنت کر کے ظہور عرف ظہورا گینگ کو گرفتار کر لیا ۔جس نے کچھ دن قبل ابو الحسنین نامی آدمی کو معہ اسکی چنگ چی اغواہ کر کے قتل کردیا تھا جس کی مزید تفتیش جاری ہے اور بے شمار وارداتوں کا انکشاف متوقع ہے۔ DPO رائے اعجاز احمد نے ملزمان کی گرفتاری پر تفتیشی ٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ۔گرفتار ملزمان میںظہور الہی ولد کرم الہی قوم گجر سکنہ میر خانی،عدنان ولد پولے قوم کھٹانہ سکنہ ٹھیکریاں،غزالہ بی بی زوجہ محمد رمضان قوم جٹ سکنہ پیر محل تحصیل کمالیہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیںبرامدگی مال مسروقہ میںرکشہ چنگ چی برآمد ہوئی ملزمان کی گرفتاری پر عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ گجرات پولیس ضلع گجرات کو امن کا گہوارہ بنانے میں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی)قائد ملت جعفریہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کی 26 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سینکڑوں معصوم اور بے گناہ انسانوں نے جان کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیز کی بنیادوں کو مستحکم کیا اور اب تک یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے مگر ہم نے ہمیشہ ملک میں اتحاد و وحدت کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین کے عملی نفاذ کے ذریعے ملک کی سالمیت اور دفاع کی عملی جدوجہد کو جاری رکھا اور تمام تر مشکلات و مصائب کے باوجود اس جدوجہد کو ترک نہیں کیا اور اعلی و ارفع اہداف کی خاطر وجود میں آنے والا یہ کارواں رواں دواں ہے تاکہ ملک دشمن عناصر’ قاتل و دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرز اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوپائیں۔ڈیرہ اسماعیل خان کی سرزمین سے اپنے آئینی’ قانونی’ مذہبی اور شہری حقوق کا دفاع و تحفظ کرتے ہوئے جن شہداء نے اپنی جانوں کی عظیم قربانی پیش کی وہ کبھی رائیگاں نہیں جاسکتی کیونکہ سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان درحقیقت سانحہ کربلا کا تسلسل ہے اور آج بھی ملک کے طول و عرض میں کربلائیں بپا ہیں یہی وجہ ہے کبھی کراچی’ کبھی کوئٹہ’ کبھی پاراچنار کبھی گلگت و بلتستان اور کبھی ملک کے دیگر علاقے مقتل گاہ کا منظر پیش کرتے دکھائی دیتے ہیںقائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اس وقت ملک جن گھمبیر اور نازک حالات سے دوچار ہیں اور اس کے عوام اذیت ناک صورت حال کا شکار ہیں اس کے خاتمے کے لئے بھی ملک کے ذمہ دار اور محب وطن ہونے کے ناطے مخلص ہیں اور امن و امان کے ضامن اداروں اور ریاست کے ذمہ داروں سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ملک سے بدامنی’ انتشار’ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کاخاتمہ کرتے ہوئے اس کے مرتکب خونی قاتلوں اور انکے سرپرستوں کو بے نقاب کریں اور بڑے بڑے سانحات کے پس پردہ حقائق سے پاکستانی عوام کو باخبر اور آگاہ کریں کیونکہ یہ خطرناک صورت حال لمحہ بہ لمحہ ملک کو تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) عالمی تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے قادر آباد کے سلاب متأثرین کیلئے مزید ایک ٹرک سامان روانہ کردیا گیا۔ جبکہ مرکز اہلسنت نیک آباد مراڑیاں شریف کے سجادہ نشین پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری چیئرمین افضلیہ ویلفیئر فائونڈیشن نے میڈیکل ٹیم اور سید فدا حسین، پیر سرور شاہ موسوی، علامہ محمد حنیف طاہر، خالد قادری، شبیر حسین ساہی ودیگر رضا کاروں کے ہمراہ قادر آباد کے متأثرہ علاقہ جات کا دورہ کیا جہاں دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے زبردست تباہی ہوئی تھی، دورے کے موقع پر پیر صاحب نے سیلاب زدگان میں 450 کارٹن خوراک، بستر، کپڑے اور ادویات تقسیم کیں اور فری میڈیکل کیمپ سے بیشمار افراد نے علاج معالجہ کرایا۔ اس موقع پر پیر صاحب نے اعلان کیا کہ عید الاضحی کے موقع پر عالمی تنظیم اہلسنت اور افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن سیلاب متأثرین کے ساتھ ہوں گے عیدی اور قربانی کا گوشت سیلاب زدگان اور غرباء میں تقسیم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افضلیہ ویلفیئر فائونڈیشن کے پاس ہزاروں مجبور خاندان کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں لہذا مخیر حضرات وخواتین اس خدمت خلق میں اپنا کردار ادا کریں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن حاجی عبدالحبیب عطاری کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ گجرات(جی پی آئی) تبلیغ قرآن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن حاجی عبدالحبیب عطاری نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ رکن شوری گوجرانوالہ ، جھنگ اور چمن عطارچنیوٹ کے اضلاع کے ان علاقوں میں گئے جہاں گائوں ملیامیٹ ہیں اور سیلاب نے تباہ کر دیئے۔حاجی عبدالحبیب عطاری چمن عطارچینوٹ کے علاقہ میں کشتی کے ذریعے سیلاب متاثرین میں مالی امداد تقسیم کی اور ان کی جلدی اور بہتر حالت کیلئے خصوصی طور پر دعا کی۔ انہوں نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں امیر اہلسنت کی ہدایت پر دعوت اسلامی آپ کے ساتھ ہے اور آپ کی مکمل بحالی تک آپ کی خدمت میں پیش پیش رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق دکھی انسانیت کی خدمت بہترین نیکی ہے۔