کراچی (جیوڈیسک) مہاجر رابطہ کونسل کے جنرل سیکریٹری ارشد صدیقی نے اعلان کیا ہے کہ سندھ میں جلد مہاجر صوبے کے قیام کی عملی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، گھر گھر جا کرمہاجر صوبےکے قیام کے لیے رائے عامہ ہموار کی جائے گی،سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والے ڈھائی کروڑ سے زائد مہاجر خود کو ذہنی وجسمانی طور پر تیار کرلیں اور اپنے حق کی خاطر ہر انتہائی عمل کے لیے تیار رہیں۔یہ بات انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب میں مہاجر رابطہ کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر مہاجر رابطہ کونسل کے صدر یعقوب بندھانی اور مرکزی کابینہ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد سندھی قوم پرستوں اور اسٹیبلشمنٹ کے دیگر آلہ کاروں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی مہاجر دشمنی کے اس عمل کو ترک کر دیں، ہم اپنے مطالبے سے کسی قیمت پیچھے نہیں ہٹیں گے سندھ کا ایک ایک مہاجر کٹ جائے گا لیکن’’ مہاجر صوبہ‘‘ ضرور بناکر اپنی نسلوں کو جاگیرداروں سے آزادی دلا کر دم لے گا۔قبل ازیں مہاجر رابطہ کونسل کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر مہاجر صوبے کے قیام کے حق میں پر ہجوم مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین، بچوں، نوجوانوں، بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔