اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ نے آفس مینجمنٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے گریڈ اٹھارہ کے 21 افسران کوگریڈ 19 میں ترقی دے کر ڈپٹی سیکرٹری بنانے کی منظوری دیدی ہے۔
تاہم گریڈ اُنیس میں ترقی کیلئے ڈی ایم جی افسران کو پچیس فیصد کوٹی دینے کیلئے او ایم جی گروپ کے کوٹہ میں کمی کے باعث او ایم جی گروپ کے افسران میں بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ کوٹہ میں کمی کے باعث گریڈ اُنیس میں ترقی پانیوالے او ایم جی کے افسران کی تعداد کم ہوئی ہے۔
ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کا اجلاس گذشتہ روز یہاں سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن کی زیرصدارت منعقد ہوا اجلاس میں او ایم جی گروپ سے تعلق رکھنے والے 66 افسران کے پینل پیش کئے گئے جنکا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اکیس افسروں کی گریڈ اُنیس میں ترقی کرکے انہیں ڈپٹی سیکرٹری بنانے کی منظوری دیدی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے گریڈ اُنیس میں ترقی کیلئے او ایم جی گروپ کے افسران کی سو فیصد پروموشن ہوتی تھی لیکن مذکورہ نوٹیفکیشن کے تحت 25 فیصد کوٹہ ڈی ایم جی افسران کو دیدیا گیا ہے جبکہ او ایم جی افسران کا کوٹہ سو فیصد سے کم کر کے 75 فیصد کردیا گیا ہے۔